اس شو کے بارے میں

سُنو چندا 2018ء تا 2019ء کا ایک پاکستانی رُومانوی طربیہ ہے، جو 1439ھ تا 1440ھ کے رمضان المبارک میں ہم ٹی وی پر نشر ہوا۔ اس کی تخلیق کار مومِنہ دُرید، ہدایت کار احسن طالش اور مُصنّفہ صائمہ اکرم چوہدری ہیں۔ یہ تمثیل، دیگر رِوایتی طربیات سے خاصی مُختلف ہے۔ یہ طربیہ، رمضان المبارک کی ہر شب، 9 بجے ہم ٹی وی پر نشر ہوتا تھا۔
اس طربیے کے مرکزی کردار اداکار، اقراء عزیز اور فرحان سعید بالترتیب بطور اجیہ اور ارسل ہیں اور مُعاون اداکار ثمینہ احمد، سید محمد احمد، سمیع خان، نادیہ افغان، فرح شاہ، سُہیل سمِیر، فرحان علی آغا، مزنہ وقاص، علی سفینہ، تارہ محمود، عدنان شاہ ٹیپو، مشعل خان، نبیل زبیری، رضا طالش اور سبینہ فاروق ہیں۔
اس تمثیل کو لکس سِجل اعزازات ہجدَہُم میں 5 تمغات کے لیے نامزد کیا گیا، جن میں بہترین اداکارہ، برائے اقراء عزیز، بہترین مُصنّفہ، برائے صائمہ اکرم چوہدری اور بہترین اُبھرتی ودیعت، برائے نبیل زبیری شامل ہیں۔ اس تمثیل کو، ان میں سے 3 تمغات موصُول، جن میں بہترین تمثیل اور بہترین اداکارہ، برائے اقراء عزیز، شامل ہیں۔ یہ تمثیل نہ صرف پاکستان، بلکہ بھارت، عرب اور برطانیہ میں بھی خُوب مقبُول ہوئی، حتّیٰ کہ بعد ازاں اِسے عربی زبان میں ترجُمہ کر کے ایم بی سی بالی ووڈ پر "زفاف بلا زوجین" کے نام سے نشر کیا گیا۔