کے جی ایف: چیپٹر 2 سال 2022ء میں ریلیز ہونے والی ایک بھارتی کنڑا کنڑ زبان کی ایکشن فلم ہے۔ یہ فلم تمل، تیلگو، ملیالم اور ہندی زبانوں کے ڈب ورژن کے ساتھ جاری کی گئی۔اس فلم کو پرشانت نیل نے لکھا اور ہدایت کاری کی۔ اس فلم کے پروڈیوسر وجے کرگندر ہیں، جو ہومبیل فلمز کے بینر تلے پروڈیوس کررہے ہیں۔ یہ دو حصوں کی سیریز کی دوسری قسط ہے، جو 2018 کی فلم KGF: Chapter 1 کا سیکوئل ہے۔ اس فلم کے مرکزی ستارے یش، سنجے دت، سری ندھی شیٹی، روینہ ٹنڈن اور پرکاش راج ہیں۔ فلم کی کہانی راکی کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جس نے اپنے آپ کو کولار گولڈ فیلڈز کے سلطان کے طور پر قائم کرنے کے بعد، مخالفین اور سرکاری اہلکاروں کے خلاف اپنی بالادستی برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔
₹100 کروڑ کے بجٹ پر تیار کی گئی فلم KGF: چیپٹر 2 سب سے مہنگی کنڑ فلم ہے۔ نیل نے اپنے گزشتہ تکنیکی ماہرین کو برقرار رکھا جس میں بھون گوڈا نے سنیماٹوگرافی سنبھالی اور روی بسرور نے ساؤنڈ ٹریک اور فلم کے پس منظر کے لیے موسیقی اسکور کی۔ سنجے دت اور روینہ ٹنڈن نے 2019 کے اوائل میں کاسٹ میں شمولیت اختیار کی، یہ ان دونوں اداکاروں کی پہلی کنڑ فلم ہے۔ فلم کے کچھ حصوں کو چیپٹر 1 کے ساتھ بیک ٹو بیک شوٹ کیا گیا تھا۔ بقیہ سلسلے کے لیے پرنسپل فوٹوگرافی مارچ 2019 میں شروع ہوئی تھی، لیکن بھارت میں COVID-19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے فروری 2020 میں روک دی گئی تھی۔